تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کی ٹنل کا حصہ منہدم، ایک مزدور زخمی
ہری پور: تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل میں تعمیراتی کام کے دوران چٹان کا کمزور حصہ اچانک گرنے سے پانی ٹنل اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا، واقعے میں ایک مزدور زخمی ہوا۔
ڈپٹی کمشنر وسیم احمد کے مطابق حادثے کے بعد پانچویں توسیعی منصوبے پر کام فوری طور پر روک دیا گیا جبکہ منصوبے کے مقام پر ایمرجنسی نافذ کرکے حفاظتی اقدامات شروع کردیے گئے۔
واپڈا کے مطابق کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوا۔ واقعے کے فوراً بعد تمام ورکرز کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے۔
واپڈا کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل جاری ہے جبکہ زیریں جانب واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔ صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے واپڈا کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز موقع پر موجود ہیں۔
واپڈا نے واضح کیا ہے کہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات درست نہیں۔ منصوبے کی مرکزی ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ادارے کے مطابق تمام ورکرز محفوظ ہیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔







