ترکیے کا نیتن یاہو کے خلاف وارنٹ گرفتاری کا دعویٰ، انٹرپول سے ریڈ نوٹس کی درخواست
انقرہ: ترکیے نے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کے کارکنوں پر مبینہ حملے کے معاملے میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور انٹرپول سے ریڈ نوٹس کی درخواست کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترک وزیر انصاف اکِن گورلیک کے مطابق استنبول کی 11ویں ہائی کرمنل کورٹ میں نیتن یاہو، افیک ماسکووچ سمیت 35 ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے۔
ترک وزیر انصاف کا کہنا ہے کہ 14 جولائی کو نیتن یاہو اور ماسکووچ کے خلاف نسل کشی کے الزامات میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد وزارت انصاف نے انٹرپول کے ریڈ نوٹس کے حصول کے لیے وزارت داخلہ سے کارروائی کی درخواست کی ہے۔
ترک حکام کے مطابق متعلقہ دستاویزات وزارت خارجہ کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔






