’جعلی دانشوروں کو بڑی تکلیف ہوئی‘: فیصل آباد میں سیلز گرل پر تشدد کے بعد مریم نواز کا ’تھپڑ کے بدلے تھپڑ‘ کی سزا کا دفاع

فیصل آباد میں سیلز گرل پر تشدد کا معاملہ، مریم نواز کا ’تھپڑ کے بدلے تھپڑ‘ کی سزا کا دفاع

مریم نواز نے ملزم کو خاتون سے تھپڑ کھاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی، کہا غریب اور کمزور پر ہاتھ اٹھانے والے اب جواب کے لیے بھی تیار رہیں

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں دکان پر کام کرنے والی سیلز گرل پر تشدد کے واقعے کے بعد ملزم کو خاتون کے ہاتھوں تھپڑ کھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اپنے اقدام کا دفاع کیا ہے۔ انہوں نے ناقدین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غریب اور کمزور افراد پر ہاتھ اٹھانے والوں کو اب جواب کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے 9 نومبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں پولیس اہلکار ایک شخص کو ہتھکڑی لگا کر ایک کمرے میں لاتے دکھائی دیتے ہیں۔ کمرے میں موجود ایک خاتون اپنی نشست سے اٹھ کر اس شخص کو تھپڑ مارنا شروع کردیتی ہیں، جبکہ قریب کھڑی خاتون پولیس اہلکار انہیں روکنے کی کوشش کرتی ہیں۔

ویڈیو کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب نے پیغام میں لکھا کہ اگر کوئی کسی غریب یا کمزور پر ہاتھ اٹھاتا ہے تو اب اسے جواب کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔ مریم نواز نے اس معاملے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام پر جعلی دانشوروں کو بڑی تکلیف ہوئی ہے۔

مریم نواز نے واقعے کی وضاحت کے لیے فیصل آباد پولیس کا بیان بھی شیئر کیا، جس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص کو دکان کے اندر ایک سیلز گرل پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ متاثرہ خاتون ایسی دکان پر ملازمت کرتی ہیں جہاں خواتین کے زیر جامے فروخت کیے جاتے ہیں۔ واقعے کے وقت وہ اپنی ڈیوٹی پر موجود تھیں جبکہ دکان کا مالک کرایہ وصول کرنے کے لیے وہاں آیا تھا۔

پولیس کی جانب سے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق دکان کے مالک اور سیلز گرل کے درمیان پیش آنے والا معاملہ بعدازاں تشدد کی صورت اختیار کرگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد واقعہ توجہ کا مرکز بن گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں متاثرہ خاتون کو ملزم پر تھپڑ برساتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تاہم اس اقدام پر سوشل میڈیا صارفین اور مختلف حلقوں میں بحث بھی شروع ہوگئی ہے۔

واقعے نے خواتین کے تحفظ، ملازمت کی جگہوں پر تشدد اور قانون کے یکساں اطلاق سے متعلق سوالات کو بھی نمایاں کردیا ہے۔ ایک طرف کمزور اور محنت کش خواتین کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے تو دوسری جانب ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے طریقہ کار پر بھی بحث جاری ہے۔

More News