صوابی میں گاڑی پر فائرنگ، پیش امام اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی

صوابی میں گاڑی پر فائرنگ، پیش امام اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 7 زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں جہانگیرہ روڈ پر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں پیش امام اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ جہانگیرہ روڈ پر نیشنل بینک کے قریب پیش آیا، جہاں مخالفین نے ایک گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد شدید متاثر ہوئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک پیش امام، خاتون اور مدعی کے دو گنرز شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے فائرنگ کے واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے امن چوک صوابی کو بند کردیا۔

مظاہرین نے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے مزید کارروائی اور تحقیقات کی تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

More News