جماعت اسلامی کا حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے پیٹرولیم لیوی، مہنگائی اور عوامی مسائل کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک تیز کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت اگر عوام کو ریلیف دینے کے مطالبات تسلیم نہیں کرتی تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک پھیلایا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق 12 ربیع الاول کے اگلے ہفتے ملک گیر ہڑتال کی کال دی جائے گی، جس میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن بھی شامل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پیچھے نہ ہٹی تو دھرنوں کو مزید شہروں تک پھیلایا جائے گا۔
انہوں نے پیٹرولیم لیوی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے عوام پر اضافی بوجھ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ لیوی ختم کرکے پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کو محض معمولی ریلیف دینے کے بجائے بنیادی مسائل کا مستقل حل نکالنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے، جبکہ بجلی اور گیس کے بھاری بل، اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں اور کسانوں کے مسائل بھی سنگین ہوچکے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے آئی پی پیز کے معاہدوں پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔ ان کے مطابق حکومت کو عوام کے مفاد میں بجلی کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، کراچی اور پشاور سمیت مختلف مقامات پر جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں اور احتجاج میں عوام، تاجر، وکلا، علما اور نوجوان شریک ہو رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوامی مطالبات نظر انداز کیے گئے تو احتجاجی تحریک مزید شدت اختیار کرے گی اور دھرنوں کا دائرہ ملک بھر تک پھیلایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، ورنہ حکمران اقتدار چھوڑ دیں۔








