جنوبی پنجاب میں نایاب گدھوں کی واپسی، روجھان میں 9 پرندوں کا مشاہدہ

جنوبی پنجاب میں نایاب گدھوں کی واپسی، روجھان میں 9 پرندوں کا مشاہدہ

لاہور: جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کے قبائلی علاقے میں نایاب گدھوں کی دو اقسام کے تقریباً 9 پرندے دیکھے گئے ہیں، جسے جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وائلڈ لائف رینجرز کے مطابق علاقے میں ہمالین گریفن اور سنیرئس نسل کے گدھ قدرتی مسکن میں موجود ہیں۔ محکمہ جنگلی حیات نے ان پرندوں کی نقل و حرکت اور قیام کی نگرانی شروع کر دی ہے تاکہ ان کی موجودگی اور تحفظ سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی گدھوں کی موجودگی وقفے وقفے سے سامنے آتی رہی ہے، تاہم روجھان میں بیک وقت 9 پرندوں کا مشاہدہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

پاکستان میں گدھوں کی آبادی میں کمی کی بڑی وجوہات میں مویشیوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا ڈائیکلوفینک شامل ہے، جس کے اثرات رکھنے والے مردہ جانوروں کی باقیات کھانے سے گدھوں کے گردے ناکارہ ہو جاتے تھے۔ پاکستان میں اس دوا کے ویٹرنری استعمال پر 2006 میں پابندی عائد کی گئی تھی۔

دوسری جانب چھانگا مانگا کے جنگل میں گدھوں کی محفوظ افزائش کے لیے خصوصی مرکز بھی قائم ہے، جہاں سفید پشت والے گدھوں کی افزائش پر کام جاری ہے۔

ماہرین کے مطابق گدھ ماحول کی صفائی اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کا تحفظ قدرتی ماحولیاتی نظام کے توازن کے لیے ناگزیر ہے۔

More News