جنوبی پنجاب کا کارڈ کھیلنے والوں کو سندھ میں بھی انتظامی یونٹس بنانے ہوں گے، عظمیٰ بخاری

جنوبی پنجاب کا کارڈ کھیلنے والوں کو سندھ میں بھی انتظامی یونٹس بنانے ہوں گے، عظمیٰ بخاری

لاہور: پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے معاملے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، لیکن یہ ممکن نہیں کہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے ایک مؤقف اختیار کیا جائے اور سندھ میں انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کی جائے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے مختلف معاملات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت کے خلاف بے بنیاد بیانیہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران پنجاب حکومت نے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کی مدد کی، جبکہ اس موقع پر مختلف سیاسی بیانات بھی سامنے آئے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، کیونکہ کئی اہم شخصیات علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کو ترجیح دیتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی اس معاملے کو محض سیاسی نعرے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

More News