حکومت اور اپوزیشن میں رابطے تیز، محمود خان اچکزئی سے ملاقاتیں اہم ہوگئیں

حکومت اور اپوزیشن میں رابطے تیز، محمود خان اچکزئی سے ملاقاتیں اہم ہوگئیں

اسلام آباد: ملکی سیاست میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کا کردار اہم ہوتا دکھائی دے رہا ہے، جہاں حکومتی وفد نے ان سے ملاقات کی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کا وفد بھی کل اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کرے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ اور طارق فضل چودھری نے محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی امور اور وزیراعظم کو لکھے گئے خط سمیت مختلف معاملات پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کوئی گلہ شکوہ نہیں، وزیراعظم خط کا جواب دے رہے ہیں، اسی معاملے پر بات چیت ہوئی ہے۔

حکومتی وفد کی اچکزئی سے ملاقات کو سیاسی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس وقت پارلیمانی سطح پر مختلف سیاسی معاملات پر رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

پیپلزپارٹی بھی کل اچکزئی سے ملے گی

دوسری جانب پیپلزپارٹی کا وفد بھی کل صبح 11 بجے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کرے گا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا شامل ہوں گے۔

ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، پارلیمانی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ جمہوری اداروں کو مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی پر بھی مشاورت متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور اپوزیشن کے درمیان پارلیمان کے اندر اور باہر مشترکہ جدوجہد کے امکانات بھی زیر بحث آئیں گے۔

مسلسل ہونے والی یہ ملاقاتیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں کا دائرہ بڑھ رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اور مختلف اپوزیشن قوتوں کے درمیان ہونے والی یہ مشاورت مستقبل میں کسی بڑے سیاسی اتفاقِ رائے یا نئی پارلیمانی حکمت عملی کی شکل اختیار کرتی ہے یا نہیں۔

More News