ٹیکسلا: ٹک ٹاکر شمسو بی بی قتل کیس میں بڑی پیش رفت، 4 مشتبہ افراد گرفتار

ٹیکسلا: ٹک ٹاکر شمسو بی بی قتل کیس میں بڑی پیش رفت، 4 مشتبہ افراد گرفتار

ٹیکسلا: ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلمانہ کے مبینہ قتل کیس میں پولیس کو اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے، جہاں تفتیشی ٹیموں نے 2 مبینہ سہولت کاروں سمیت 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا سراغ سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے لگایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل پر نمبر پلیٹ موجود نہیں تھی جبکہ موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے شمسو بی بی کو قتل جبکہ ان کی بہن کو شدید زخمی کردیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق 14 اگست کو مقتولہ کو کاشف عرف کاشی نامی شخص کی جانب سے مبینہ طور پر فون کال موصول ہوئی، جس میں انہیں فوری طور پر گھر سے باہر آنے کا کہا گیا۔

بعد ازاں شمسو بی بی اپنی 15 سالہ بہن عاصمہ اور بھائی نعمت اللہ کے ہمراہ گاڑی میں روانہ ہوئیں۔ پٹرول پمپ کے قریب پہنچنے پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے دوران ایک گولی شمسو بی بی کی گردن میں لگی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں مقتولہ کی 15 سالہ بہن عاصمہ بھی شدید زخمی ہوگئیں۔

مقتولہ کے والد فضل صاحبزادہ کے مطابق وہ اطلاع ملنے پر ٹی ایچ کیو ہسپتال ٹیکسلا پہنچے، جہاں انہوں نے مردہ خانے میں اپنی بیٹی کی لاش کی شناخت کی۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد سے مزید تفتیش جاری ہے اور کیس کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تفتیشی ٹیمیں واقعے میں ملوث مرکزی ملزمان اور قتل کے محرکات تک پہنچنے کے لیے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔

More News