حکومت ریلیف کا ڈرامہ بند اور پٹرولیم لیوی کا بھتہ ختم کرے: حافظ نعیم
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پٹرولیم لیوی ختم کرنے اور پالیسی ریٹ میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ریلیف کے نام پر دکھاوا کرنے کے بجائے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کرے گی، جبکہ مختلف شہروں میں جاری دھرنے بھی ختم نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 1567 ارب روپے جمع کیے، جبکہ اس کے باوجود پالیسی ریٹ کم کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی جارہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت فی لیٹر 135 روپے تک لیوی وصول کر رہی ہے اور اسے ختم یا کم کرنے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ برقرار رکھنے پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلند شرح سود کے باعث ملک پر قرضوں کا بوجھ مزید بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو حکومت کو اپنے محصولات کم کرنے چاہئیں۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت کے 25 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو لائنوں میں لگا کر ریلیف دینا کوئی احسان نہیں، جبکہ پٹرول پمپس پر رش اور مشکلات بدستور برقرار رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ریلیف پیکیج کے اعلانات کی تشہیر پر بھی کروڑوں روپے خرچ کیے۔ حکومت کا کام عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے، اس لیے نمائشی پیکیج کے بجائے پٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔







