ملک بھر میں سیلاب کا الرٹ جاری، دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

ملک بھر میں سیلاب کا الرٹ جاری، دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 17 ستمبر تک متوقع بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اچانک سیلاب اور دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

خیبر پختونخوا میں اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی کے علاقوں کو ممکنہ سیلاب کے حوالے سے حساس قرار دیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ سمیت مختلف شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل بھی خطرے کی زد میں ہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیرِ آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی علاقوں سے گزرنے سے گریز کریں اور موسم سے متعلق مستند معلومات پر عمل کریں۔

More News