حکومت نے نئی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی

حکومت نے نئی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے تقریباً ایک چوتھائی صدی کے طویل عرصے بعد نئی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان کی سابقہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2001 میں منظور کی گئی تھی، جس کے بعد اب ملک میں رہائش کے شعبے کے لیے نئی پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں منظور ہونے والی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کا بنیادی وژن ملک کے تمام شہریوں کے لیے مناسب، سستی اور پائیدار رہائش کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ پالیسی کے تحت عوام کو رہائشی سہولیات کے ساتھ بنیادی ضروریات اور معاون انفرااسٹرکچر تک بہتر رسائی فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

نئی پالیسی میں ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے شعبے سے متعلق مختلف اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے پالیسی دستاویز میں 9 واضح موضوعات شامل کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے رہائشی شعبے کو درپیش مسائل کا جامع حل تلاش کرنے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 میں سستی رہائش کے فروغ، شہری ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ہاؤسنگ کے شعبے میں معاون ماحول پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

اس اہم پیش رفت پر وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے نئی پالیسی کی تیاری پر وزارت کے پالیسی اینڈ پلاننگ ونگ کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی کی تشکیل کے دوران تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا تاکہ ہاؤسنگ کے شعبے کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل فریم ورک تیار کیا جاسکے۔

حکومت کے مطابق نئی پالیسی ملک میں رہائشی سہولیات کی بہتری اور شہری ترقی کے لیے طویل مدتی بنیاد فراہم کرے گی۔

More News