حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی مرحلہ وار ختم کرنے پر رضامند

حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی مرحلہ وار ختم کرنے پر رضامند

جماعت اسلامی کے ساتھ معاہدے کا مسودہ آج تیار کیا جائے گا، چھوٹی گاڑیوں اور زرعی شعبے کو ریلیف دینے پر بھی اتفاق

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی مرحلہ وار ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جبکہ عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان معاہدے کا مسودہ آج تیار کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں حکومتی اور جماعت اسلامی کی کمیٹیوں کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے مرحلہ وار خاتمے سے متعلق معاہدے کی شقوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ مسودے کی منظوری دونوں جانب کی قیادت دے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی اور بالآخر اس کے خاتمے پر رضامند ہے۔ مذاکرات میں ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ حکومت نے زرعی شعبے کو ریلیف فراہم کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے، جس سے کسانوں کو درپیش اخراجات کے دباؤ میں کمی لانے کی کوشش کی جائے گی۔

معاہدے کی حتمی تفصیلات اور اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار کا تعین کمیٹیوں کے اجلاس میں کیا جائے گا، جبکہ منظوری کے بعد حکومتی اقدامات کی صورت واضح ہوگی۔

More News