خرم شہزاد اور محمد عباس کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزا

خرم شہزاد اور محمد عباس کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزا

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان کے فاسٹ بولرز خرم شہزاد اور محمد عباس کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے سزا سنا دی۔

آئی سی سی کے مطابق دونوں پاکستانی بولرز نے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی، جس پر خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ محمد عباس کو باضابطہ وارننگ جاری کی گئی۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ خرم شہزاد نے ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد جبکہ محمد عباس نے جومل واریکن کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن مناتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔

بیان کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے دی گئی سزا قبول کر لی، جس کے باعث اس معاملے میں باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔ پاکستان کی ٹیم 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 120 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جبکہ کپتان بابر اعظم 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

More News