خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکین کی مراعات سے متعلق ترمیمی بل منظور کر لیا

خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکین کی مراعات سے متعلق ترمیمی بل منظور کر لیا

خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکینِ اسمبلی کی مراعات، استحقاق اور صحافیوں سے متعلق سزاؤں کے حوالے سے اہم ترمیمی بل کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔ بل حکومتی رکن اکرام اللہ غازی نے ایوان میں پیش کیا۔

منظور شدہ ترمیمی بل کے تحت اراکینِ اسمبلی کو حاصل تاحیات بلیو پاسپورٹ کی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔ اب بلیو پاسپورٹ صرف رکنِ اسمبلی کی مدتِ رکنیت تک ہی قابلِ استعمال ہوگا اور رکنیت ختم ہونے کے ساتھ یہ سہولت بھی ختم ہو جائے گی۔

بل میں اراکینِ اسمبلی کے لیے مفت اسلحہ لائسنسوں کی تعداد میں بھی ترمیم کی گئی ہے، جس کے بعد ہر رکن کو چار مفت اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کا حق ہوگا۔

ترمیمی قانون میں صحافتی برادری کے حوالے سے بھی اہم تبدیلی کی گئی ہے۔ صحافیوں پر جرمانوں اور سزاؤں میں اضافے سے متعلق متنازع شق واپس لے کر سزاؤں میں کمی کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ فرسٹ شیڈول میں شامل دیگر متنازع شقوں میں بھی ترامیم منظور کر لی گئی ہیں۔

More News