خیبرپختونخوا محکمہ صحت میں اسٹور کیپرز کے سروس رولز تبدیل کرنے کی تیاری، ترقی کے نئے مواقع دینے کی تجویز
پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں اسٹور کیپرز کے لیے سروس رولز میں تبدیلی کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، جس کے تحت ملازمین کی تعلیمی قابلیت، ترقی کے مواقع اور بھرتی کے معیار میں تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت نے اسٹور کیپرز کے نئے سروس رولز کا مسودہ تیار کرلیا ہے، جس میں چیف اسٹور کیپر گریڈ 16 کی ترقی کے لیے 7 سالہ سروس لازمی قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ قواعد کے تحت سینئر اسٹور کیپر بی پی ایس 14 کے عہدے پر ترقی کے لیے اسٹور کیپر کیڈر میں 5 سالہ سروس کی شرط رکھی گئی ہے۔
اسی طرح اسٹور کیپر گریڈ 11 کی بھرتی کے لیے ایف اے یا ایف ایس سی کے ساتھ کمپیوٹر لٹریسی کو لازمی قرار دینے کی تجویز بھی شامل ہے، جبکہ ابتدائی بھرتی کے لیے عمر کی حد 18 سے 32 سال مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
نئے سروس رولز کا مقصد محکمہ صحت کے اسٹور کیپرز کے لیے ترقی کا واضح طریقہ کار وضع کرنا اور نچلے گریڈ کے ملازمین کو بھی اعلیٰ عہدوں تک پہنچنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ صحت نے سروس رولز کا مسودہ دوبارہ صوبائی محکمہ صحت کو ارسال کردیا ہے۔ مجوزہ تبدیلیوں پر حتمی منظوری کے بعد عمل درآمد کیا جائے گا۔








