ضلع کرم میں ترقیاتی منصوبوں اور صحت کی سہولیات کا جائزہ، 73 بریگیڈ کے کمانڈر کی زیر صدارت اہم اجلاس
ضلع کرم کے ہیڈکوارٹر 73 بریگیڈ پاراچنار میں ترقیاتی منصوبوں، صحت کی سہولیات اور عوامی مسائل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کمانڈر 73 بریگیڈ ہشام بن اصغر نے کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کرم فہد وزیر، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو آفتاب خوشحالوی، ایکسین محکمہ ورکس اینڈ سروسز، پلاننگ آفیسر کرم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سمیت دیگر متعلقہ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع کرم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، شعبہ صحت کی موجودہ صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے سے متعلق تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں میں درپیش مسائل، ضروریات اور ممکنہ حل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کو عوامی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق مکمل کیا جائے، جبکہ صحت کے شعبے میں دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں متعلقہ حکام کو باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔








