خیبرپختونخوا میں بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن گرانٹ دیگر کاموں پر خرچ کرنے پر پابندی عائد

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن گرانٹ دیگر کاموں پر خرچ کرنے پر پابندی عائد

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) اور کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لیے مختص سرکاری گرانٹ کو ترقیاتی یا دیگر غیر متعلقہ کاموں پر خرچ کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد بلدیاتی ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانا ہے۔

مشیر برائے بلدیات و مواصلات آصف رفیق کی ہدایت پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات نے اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس میں صوبے بھر کے متعلقہ بلدیاتی اداروں اور افسران کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق تنخواہوں اور پنشن کے لیے جاری ہونے والی گرانٹ صرف اسی مقصد کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔ اس رقم کو کسی بھی ترقیاتی منصوبے، انتظامی اخراجات یا دیگر غیر متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکومتی ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

محکمہ بلدیات کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں ٹی ایم ایز کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لیے مختص فنڈز دیگر امور پر خرچ کرنے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ اس وجہ سے متعلقہ اداروں میں مالی نظم و ضبط متاثر ہوتا رہا، جبکہ ملازمین کو کئی کئی ماہ تک تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی یا تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث بلدیاتی ملازمین کو شدید مالی مشکلات پیش آتی تھیں اور وہ اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے احتجاج اور ہڑتالوں پر مجبور ہو جاتے تھے، جس سے بلدیاتی خدمات بھی متاثر ہوتی تھیں۔

اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کسی ٹی ایم اے یا کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ میں تنخواہوں اور پنشن کے لیے مختص گرانٹ کسی دوسرے مقصد پر خرچ کی گئی تو متعلقہ تحصیل میونسپل آفیسر (ٹی ایم او)، فنانس آفیسر اور ٹی او آئی کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب محکمہ بلدیات کا کہنا ہے کہ مشیر برائے بلدیات اور سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ کی ہدایات کے بعد کئی سال کے طویل عرصے میں پہلی مرتبہ محکمے کے تمام ملازمین کو ماہ کی پہلی تاریخ کو مکمل تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہوئی ہے۔

بروقت تنخواہوں کی ادائیگی پر صوبے بھر کے بلدیاتی ملازمین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق نئے احکامات پر مؤثر عمل درآمد سے ملازمین کے مالی مسائل کم کرنے اور بلدیاتی نظام میں انتظامی و مالی نظم و ضبط بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

More News