خیبرپختونخوا میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، ہزاروں لیٹر دودھ اور جعلی کولڈ ڈرنکس تلف

خیبرپختونخوا میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، ہزاروں لیٹر دودھ اور جعلی کولڈ ڈرنکس تلف

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان کی خصوصی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر ملاوٹی دودھ، جعلی کولڈ ڈرنکس اور غیر معیاری آئس کریم تلف کر دی۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مردان، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور چارسدہ میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے ذریعے دودھ، جوسز، چائے اور دیگر اشیائے خورونوش کے نمونوں کی موقع پر جانچ کی۔

مردان میں دودھ کے ایک ٹینکر میں فارملین کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 5 ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ موٹروے رشکئی انٹرچینج پر ناکہ بندی کے دوران 3500 لیٹر سے زائد جعلی کولڈ ڈرنکس بھی ضبط کر لی گئیں۔

پشاور میں علی الصبح مشترکہ ناکہ بندی کے دوران دودھ میں پاؤڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 200 لیٹر سے زائد دودھ تلف کیا گیا، جبکہ غیر معیاری آئس کریم کے 6 نمونے فیل ہونے پر 60 کلوگرام آئس کریم بھی ضبط کرکے تلف کر دی گئی۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے بھکر پل پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران ایک دودھ بردار گاڑی میں پانی اور کیمیکلز کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 800 لیٹر دودھ تلف کیا گیا۔

چارسدہ میں فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی کے دوران دودھ، جوسز اور چائے کے نمونوں کی جانچ کی گئی، جہاں دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 70 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا اور ذمہ دار افراد پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

معاونِ خصوصی برائے خوراک ڈاکٹر محمد اسرار خان نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

More News