خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار تیز، مزید 50 کیسز رپورٹ

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار تیز، مزید 50 کیسز رپورٹ

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، رواں ہفتے مزید 50 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 339 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ ہفتے صوبے میں ڈینگی کے مجموعی کیسز 289 تھے، جو رواں ہفتے بڑھ کر 339 تک پہنچ گئے۔ ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر محکمہ صحت نے مچھر کی افزائش روکنے اور بیماری پر قابو پانے کے لیے انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں مزید تیز کردی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پشاور 152 کیسز کے ساتھ صوبے کا سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جبکہ کوہاٹ میں 85، بنوں میں 19 اور ہری پور میں 17 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

رواں ہفتے پشاور میں مزید 13 کیسز سامنے آئے، جبکہ کوہاٹ میں ڈینگی کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں سرویلنس، لاروا تلفی اور دیگر حفاظتی اقدامات پر توجہ دی جارہی ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

More News