شدید بارش کے باعث ایم ٹو موٹروے پر خوفناک حادثہ، ایک جاں بحق، 10 زخمی
راولپنڈی: شدید بارش کے دوران ایم ٹو موٹروے پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ بارش کے دوران پیش آیا، جب کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں بس میں سوار ایک مسافر جان کی بازی ہار گیا، جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ایمرجنسی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
موٹروے پولیس نے حادثے کے باعث متاثرہ مقام پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے، جبکہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے کا عمل جاری رہا۔
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جبکہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، تیز رفتاری سے اجتناب اور موٹرویز پر گاڑی چلاتے وقت اضافی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔





