خیبرپختونخوا میں صوبائی پیغامِ امن کمیٹی قائم، 12 ارکان شامل
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے امن کے پیغام کو معاشرے کے مختلف طبقات تک مؤثر انداز میں پہنچانے اور صوبے میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المسالک روابط کے فروغ کے لیے صوبائی پیغامِ امن کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ نے کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی پیغامِ امن کمیٹی میں مجموعی طور پر 12 ارکان شامل کیے گئے ہیں، جبکہ چیف خطیب مولانا محمد طیب قریشی کو کمیٹی کا کوآرڈی نیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی میں مختلف مکاتبِ فکر کے علما سمیت اقلیتی برادریوں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ امن کے پیغام کو معاشرے کے تمام طبقات تک مؤثر انداز میں پہنچایا جاسکے۔
کمیٹی میں دیوبندی، بریلوی، اہلِ حدیث اور اہلِ تشیع مکاتبِ فکر کو نمائندگی دی گئی ہے، جبکہ مسیحی، سکھ اور ہندو برادریوں کے نمائندے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔ حکومت کے مطابق مختلف مذہبی اور سماجی طبقات کی نمائندگی کا مقصد باہمی رابطوں کو مضبوط بنانا اور امن و رواداری کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی کمیٹی قومی پیغامِ امن کو خیبرپختونخوا کے مقامی اور علاقائی تناظر میں اجاگر کرے گی۔ قومی بیانیے کے بنیادی نکات کو مقامی سطح پر قابلِ قبول زبان، ذرائع اور پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا۔
کمیٹی صوبے کے مختلف علاقوں میں پیغامِ امن سے متعلق سرگرمیاں بھی منظم کرے گی، جن میں علمائے کرام کے کنونشنز، نوجوانوں کے مکالمے، بین المسالک روابط اور آگاہی مہمات شامل ہوں گی۔ ان سرگرمیوں میں مقامی ثقافتی اور مذہبی حساسیت کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
صوبائی پیغامِ امن کمیٹی کی ذمہ داریوں میں مقامی حساس معاملات، امن کو درپیش خطرات، ابھرتی کشیدگی، نفرت انگیز رجحانات اور شکایات کی نشاندہی بھی شامل ہے۔ کمیٹی کمزور اضلاع اور بااثر مذہبی و سماجی شخصیات کی نشاندہی کرکے مقامی سطح پر پیشگی رابطوں اور بروقت اقدامات کے مواقع تلاش کرے گی۔
کمیٹی امن کے پیغام کی تشہیر اور ابلاغی مواد کی تیاری کے لیے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ سے رابطے میں رہے گی، جبکہ صوبائی اور علاقائی امن مہمات کو قومی پیغامِ امن کمیٹی کی حکمت عملی سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی کمیٹی قومی پیغامِ امن کمیٹی کو صوبے کی صورتحال سے باقاعدگی سے آگاہ کرے گی۔ صوبائی کوآرڈی نیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے قومی سطح کے مشاورتی عمل میں صوبائی مؤقف بھی پیش کرے گا۔
حکومت کے مطابق نوجوانوں اور کمزور طبقات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے امن و آگاہی مہمات چلائی جائیں گی، جبکہ حکومت، سول سوسائٹی اور میڈیا کے تعاون سے متحدہ قومی بیانیے، امن، رواداری اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔





