خیبر: باڑہ بازار میں گرانفروشی اور ناقص صفائی پر کارروائی، متعدد افراد گرفتار
ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشی، وزن میں کمی اور صفائی کے ناقص انتظامات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، نانبائیوں اور تندور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی، جبکہ بعض افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر باڑہ امان اللہ اور نائب تحصیلدار فہیم آفریدی نے باڑہ بازار میں مختلف ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، نانبائیوں کی دکانوں اور تندوروں کا معائنہ کیا۔ اس دوران سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد، اشیائے خوردونوش کے مقررہ وزن اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران گرانفروشی، وزن میں کمی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر متعدد دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انتظامیہ نے بعض افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔
اس موقع پر متعلقہ دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اشیائے خوردونوش کی فروخت میں سرکاری نرخ نامے اور مقررہ وزن کی پابندی کریں اور صفائی ستھرائی سمیت حفظانِ صحت کے اصولوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے بازاروں کی نگرانی جاری رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔








