دو روزہ بندش کے بعد باڑہ بازار کھل گیا، انتظامیہ اور تاجروں کے مذاکرات کامیاب

دو روزہ بندش کے بعد باڑہ بازار کھل گیا، انتظامیہ اور تاجروں کے مذاکرات کامیاب

ضلع خیبر: ضلعی انتظامیہ، پولیس اور انجمن تاجران باڑہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد دو روزہ بندش کے بعد باڑہ بازار تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا گیا۔

مذاکرات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیبر شہاب الدین، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر باڑہ امان اللہ، ایس پی شفیق خان، ڈی ایس پی عطف خان، ایس ایچ او باڑہ لعل کلام آفریدی، تحصیلدار باڑہ داؤد آفریدی، تحصیلدار فہیم، انجمن تاجران باڑہ کے صدر سید ایاز وزیر، کابینہ اراکین اور دیگر مشران نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام فریقین نے باہمی تعاون، رابطوں کو مؤثر بنانے اور درپیش مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا۔ شرکاء نے علاقے میں امن و امان اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد باڑہ بازار میں احتجاج کے دوران سرکاری عمارتوں اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ریسکیو 1122 کے دفتر پر پتھراؤ، نادرا دفتر کو آگ لگانے اور تحصیل میونسپل انتظامیہ کے دفتر کو نقصان پہنچانے کے واقعات پیش آئے تھے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی تھی، جس کے دوران پولیس اہلکاروں اور مظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

ان واقعات کے بعد بازار بند کر دیا گیا تھا اور تجارتی سرگرمیاں معطل تھیں۔ تاجروں اور انتظامیہ کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد بازار دوبارہ کھلنے سے کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

More News