دہشت گردوں کو ریاستی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے، امیر مقام
سیدو شریف: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے سیدو شریف ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کبل خودکش حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی، ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ حکام کو علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر کے ہمراہ مقامی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام بھی موجود تھے۔ امیر مقام نے ہسپتال انتظامیہ سے زخمیوں کی طبی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ تمام متاثرین کو بہترین طبی سہولیات، ادویات اور علاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زخمیوں کے علاج اور بحالی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔
ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کا ایک بڑا چیلنج ہے اور اس کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ریاستی اداروں کی جنگ نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہو۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے اور شرپسند عناصر کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے والوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔
امیر مقام نے کہا کہ موجودہ حالات قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک دوسرے پر تنقید یا سیاسی اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر آنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی دہشت گردی سے متاثر رہے ہیں، اس لیے متاثرہ خاندانوں کے درد اور مشکلات کو بخوبی محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کبل خودکش حملے کو بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ امیر مقام نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے یقین دلایا ہے کہ شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرے گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ریاستی ادارے بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔








