پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی والدہ انتقال کر گئیں

شاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی والدہ انتقال کر گئیں

پشاور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین اور معروف کاروباری شخصیت جاوید آفریدی کی والدہ انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی، سماجی، کاروباری اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

جاوید آفریدی نے اپنی والدہ کے انتقال کی اطلاع سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اپیل کی۔ اپنے جذباتی پیغام میں انہوں نے والدہ کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا پہلا گھر، بے شمار دعاؤں کا سایہ اور بے لوث محبت کا سرچشمہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ والدہ کی جدائی ایک ایسا دکھ ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

ان کی پوسٹ کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، دوستوں، مداحوں اور شوبز و کھیلوں کی معروف شخصیات نے تعزیتی پیغامات جاری کیے اور جاوید آفریدی و ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر بھی مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور خاندان کے لیے صبر و استقامت کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی جاوید آفریدی کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے جاوید آفریدی اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ والدہ جیسی عظیم ہستی کا بچھڑ جانا ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکتا۔

گورنر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے بھی مرحومہ کے درجات کی بلندی اور خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے

More News