دیربالا: شدت پسندوں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکار دم توڑ گیا

دیربالا: شدت پسندوں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید

ضلع دیر بالا میں دو روز قبل شدت پسندوں کے حملے میں زخمی ہونے والے اپر دیر پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) عمرا خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ ان کی شہادت کی خبر کے بعد پولیس محکمے اور علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

تفصیلات کے مطابق دو دن قبل دیر بالا کے علاقے براول شلتلو میں قائم پولیس چوکی پر شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی عمرا خان شدید زخمی ہو گئے تھے۔ حملے کے فوراً بعد انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد ازاں تشویشناک حالت کے باعث بہتر علاج کے لیے پشاور کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ہسپتال میں ڈاکٹروں کی جانب سے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس حکام نے شہید اہلکار کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملے میں ملوث عناصر کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ مقامی شہریوں نے بھی شہید پولیس اہلکار کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

More News