دیر بالا: ڈی سی آفس میں یومِ اقبال کی پروقار تقریب، شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت
اپر دیر: ڈپٹی کمشنر دیر بالا ملک دلنواز خان کی ہدایات پر ڈی سی آفس دیر بالا میں شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر دیر نعمان حافظ تھے۔ اس موقع پر علامہ اقبالؒ کی قومی، ادبی اور فکری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے افکار و تعلیمات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ علامہ اقبال کا پیغامِ خودی، اتحاد، عمل اور خوداعتمادی آج بھی قوم خصوصاً نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں بیداری، خودشناسی، بلند حوصلگی اور جدوجہد کا جذبہ پیدا کیا۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کے افکار کو صرف تقریبات اور تقاریر تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے۔ ان کی تعلیمات نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے، محنت اور مستقل مزاجی سے آگے بڑھنے اور اجتماعی ترقی میں کردار ادا کرنے کا درس دیتی ہیں۔
تقریب میں اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ علامہ اقبال کا تصورِ خودی انسان کو اپنی پہچان، مقصدِ زندگی اور ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے، جبکہ اتحاد اور عمل کا پیغام قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
یومِ اقبال کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب کا مقصد نئی نسل کو شاعرِ مشرق کی فکر اور تعلیمات سے روشناس کرانا اور ان کے پیغام کو عام کرنا تھا۔








