شمالی وزیرستان: رزمک میں امن و ترقی کے امور پر مشاورتی جرگہ، مشترکہ کوششوں پر زور
شمالی وزیرستان: رزمک کیمپ میں کمانڈر شوال ٹاسک فورس نعیم ثقلین کی زیرِ صدارت قبائلی عمائدین اور علاقائی مشران کا اہم مشاورتی جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، پائیدار امن کے قیام اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرگے میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور مشران نے شرکت کی اور علاقے کو درپیش مسائل، امن و امان کی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر اپنی تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر کمانڈر شوال ٹاسک فورس نعیم ثقلین نے رزمک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس ڈیپارٹمنٹ رزمک، ڈی ایس پی جمشید وزیر اور علاقائی مشران کی کوششوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن کا قیام اور اسے برقرار رکھنا کسی ایک ادارے یا فرد کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے سکیورٹی اداروں، پولیس، قبائلی عمائدین اور عوام کو باہمی تعاون، اتحاد اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
نعیم ثقلین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رزمک اور گردونواح میں پائیدار امن کے قیام کے ساتھ ترقیاتی عمل کو بھی آگے بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ مقامی آبادی کو بہتر سہولیات فراہم ہوں اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
جرگے کے شرکاء نے بھی امن و امان کے قیام، عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اپنی آرا اور تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے باہمی مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے مسائل کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔
مشاورتی جرگے کا بنیادی مقصد علاقائی عمائدین اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کو مضبوط بنانا اور امن و ترقی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کو فروغ دینا تھا۔








