راس الخیمہ میں خودکار گاڑیوں کی آزمائش کا خصوصی مرکز قائم، روبوٹیکسی ٹرائلز میں توسیع
راس الخیمہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کی آزمائش کے لیے خصوصی مرکز قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ روبوٹیکسی کے تجربات کا دائرہ الضعیت ساؤتھ تک بڑھا دیا گیا ہے۔
راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 30 اکتوبر کو خودکار نقل و حرکت کا فریم ورک اور آٹونومس وہیکل سینڈ باکس منصوبہ متعارف کرایا۔ تقریب میں راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی سمیت سرکاری اداروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور تحقیقی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
منصوبے کا مقصد ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کی جانچ کے لیے مربوط ماحول فراہم کرنا اور جدید ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق روبوٹیکسی کے ابتدائی تجربات 2026ء کے آغاز میں جزیرہ المرجان پر شروع کیے گئے تھے، جہاں گاڑیوں نے 21 ہزار کلومیٹر سے زائد سفر کیا۔ ان تجربات سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی مدد سے گاڑیوں کی کارکردگی اور حقیقی حالات میں ان کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔
روبوٹیکسی ٹرائلز کو الضعیت ساؤتھ تک بڑھانے کا مقصد مختلف علاقوں اور حالات میں خودکار گاڑیوں کی کارکردگی جانچنا ہے تاکہ مستقبل میں انہیں ریاست کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا حصہ بنایا جا سکے۔ اس سے قبل جزیرہ المرجان پر خودکار روبوبس کی آزمائش بھی کی جا چکی ہے۔







