راولاکوٹ میں پاک فوج کا مفت میڈیکل کیمپ، 80 سے زائد مریضوں کا معائنہ
راولاکوٹ میں پاک فوج کی جانب سے شہریوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت 80 سے زائد مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔
بلدیہ چوک میں قائم میڈیکل کیمپ میں پاک فوج کے طبی عملے نے شہریوں کا معائنہ کیا اور مختلف بیماریوں و طبی مسائل کے لیے مفت ادویات فراہم کیں۔ کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد مفت ادویات شہریوں میں تقسیم کی گئیں۔
منتظمین کے مطابق میڈیکل کیمپ کا مقصد موجودہ صورتحال کے باعث طبی مراکز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنے والے شہریوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
کیمپ میں آنے والے شہریوں نے مفت طبی معائنے اور ادویات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو علاج کی سہولت میسر آئی ہے۔
شہریوں نے پاک فوج کی جانب سے فلاحی سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی ایک اہم اقدام ہے۔







