پاکستانی نوجوان کا شاندار کارنامہ، موبائل فون کو ریڈیو اسٹوڈیو میں بدلنے والی ایپ تیار

پاکستانی نوجوان کا شاندار کارنامہ، موبائل فون کو ریڈیو اسٹوڈیو میں بدلنے والی ایپ تیار

پاکستانی طالب علم معظم خان نے موبائل اور سیلولر ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ’ایف سی زیڈ کاسٹر‘ کے نام سے اینڈرائیڈ ایپ تیار کرلی، جو اسمارٹ فون کو مکمل پورٹیبل ویب ریڈیو اسٹوڈیو میں تبدیل کردیتی ہے۔

ایپ کے ذریعے ریڈیو جاکی اور براڈکاسٹر بغیر کمپیوٹر یا روایتی اسٹوڈیو کے صرف موبائل فون سے براہِ راست پروگرام نشر کرسکتے ہیں۔ ایپ گوگل پلے اسٹور پر بھی جاری کردی گئی ہے۔

’ایف سی زیڈ کاسٹر‘ میں مائیکروفون سے براہِ راست آواز نشر کرنے، پس منظر میں موسیقی شامل کرنے اور آئس کاسٹ و شاؤٹ کاسٹ جیسے سرورز پر لائیو اسٹریمنگ کی سہولت موجود ہے۔ اس کے علاوہ دعوتی لنک کے ذریعے کسی مہمان کو دنیا کے کسی بھی مقام سے لائیو پروگرام میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

اس ایجاد سے قبل ویب ریڈیو براڈکاسٹنگ کے لیے عموماً کمپیوٹر، مخصوص سافٹ ویئر اور بھاری بھرکم سیٹ اپ کی ضرورت ہوتی تھی، جس کے باعث نئے اور آزاد براڈکاسٹرز کو مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔

معظم خان کی تیار کردہ ایپ نے براڈکاسٹنگ کو زیادہ آسان، کم خرچ اور قابلِ رسائی بنا دیا ہے۔ اب براڈکاسٹر گھر، دفتر، سفر یا کسی دور دراز علاقے سے بھی موبائل فون کے ذریعے ریڈیو پروگرام چلا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مقامی سطح پر ایسی ٹیکنالوجی کی تیاری پاکستانی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی قابلیت کا اظہار ہے۔ اگر مقامی سافٹ ویئر ڈویلپرز اور ٹیکنالوجی منصوبوں کو سرکاری و نجی سطح پر مناسب سرپرستی فراہم کی جائے تو پاکستان ڈیجیٹل میڈیا اور براڈکاسٹنگ ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کرسکتا ہے۔

More News