روس کے شہر نووروسیسک پر یوکرینی ڈرون حملہ، بچے سمیت 4 افراد ہلاک
روس کے شہر نووروسیسک میں یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 4 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ روسی حکام کے مطابق حملہ گزشتہ رات کیا گیا، جس میں نووروسیسک کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا گیا۔
کراسنودار کے گورنر وینیامین کوندراتیف نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں بتایا کہ روسی فوج نے خطے میں دشمن کے بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کو پسپا کیا، تاہم حملے کے دوران نووروسیسک میں جانی نقصان ہوا۔
گورنر کے مطابق حملے میں ایک بچے سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 29 دیگر افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جنہیں اسپتال منتقل کرکے ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
وینیامین کوندراتیف نے حملے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والے تمام افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور متاثرہ علاقے میں صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق روسی فورسز نے بڑے پیمانے پر ہونے والے ڈرون حملے کو روکنے کی کارروائی کی، تاہم حملے کے اثرات کے نتیجے میں شہری آبادی متاثر ہوئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے گئے ہیں۔








