پشاور میں کمشنر کا بغیر پروٹوکول بازاروں کا اچانک دورہ، مہنگائی اور تجاوزات کا جائزہ

پشاور میں کمشنر کا بغیر پروٹوکول بازاروں کا اچانک دورہ، مہنگائی اور تجاوزات کا جائزہ

پشاور میں کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود پروٹوکول کے بغیر عام شہری بن کر شہر کے مختلف بازاروں میں پہنچ گئے، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی، تجاوزات، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔

کمشنر پشاور نے قصہ خوانی بازار، خیبر بازار، مینا بازار اور دیگر تجارتی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عام شہری کے روپ میں بازاروں کا جائزہ لیا تاکہ عوام کو درپیش مسائل اور سرکاری اقدامات پر عملدرآمد کی اصل صورتحال کا براہ راست مشاہدہ کیا جاسکے۔

دورے کے دوران کمشنر نے مختلف دکانوں پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں چیک کیں اور خود خریداری کرکے سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے دکانداروں سے اشیائے ضروریہ کے معیار اور قیمتوں سے متعلق معلومات حاصل کیں، جبکہ شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور شکایات بھی سنیں۔

کیپٹن (ر) خالد محمود نے بازاروں میں صفائی کی صورتحال اور پیدل چلنے والوں کے راستوں پر قائم تجاوزات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور بازاروں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔

کمشنر نے تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ بازاروں میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد، صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامی اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی نگرانی بھی کی جائے گی۔

More News