ریلوے مسافروں کیلئے بڑی خوشخبری، لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرین آپریشن 15 نومبر سے بحال
پاکستان ریلوے نے لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرین آپریشن 15 نومبر سے بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد مسافروں کو دوبارہ براہ راست ریلوے سفری سہولت میسر ہوگی۔ اس حوالے سے پاکستان ریلوے کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ مسن کالر اور قلعہ شیخوپورہ کے درمیان نیا ریلوے پل تعمیر کر لیا گیا ہے۔ پل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس پر انجن چلا کر کامیاب ٹرائل بھی کیا گیا، جس کے نتیجے میں متاثرہ ریلوے سیکشن کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان ریلوے کے مطابق سی ای او ریلوے حفیظ اللہ کی ہدایات پر 15 نومبر سے لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت اپنے اصل روٹ پر شروع ہو جائے گی۔ اس فیصلے کے تحت قراقرم ایکسپریس کی ٹرینیں 41 اپ اور 42 ڈاؤن بھی دوبارہ لاہور فیصل آباد روٹ سے چلائی جائیں گی، جبکہ شالیمار ایکسپریس بھی اپنے سابقہ روٹ پر بحال ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ سیلاب کے باعث ریلوے ٹریک متاثر ہونے کے بعد دونوں ٹرینیں عارضی طور پر ساہیوال کے متبادل روٹ سے چلائی جا رہی تھیں، جس کے باعث مسافروں کو طویل سفر کرنا پڑ رہا تھا۔
ریلوے حکام نے مسافروں کو نئی ٹرین ٹائمنگ اور روٹ کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید معلومات اور ٹرینوں کے اوقات کار جاننے کے لیے ریلوے ہیلپ لائن 117 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔







