سری لنکا میں چینی کمپنی کی الیکٹرک فضائی ٹیکسی کی آزمائشی پرواز

سری لنکا میں چینی کمپنی کی الیکٹرک فضائی ٹیکسی کی آزمائشی پرواز، بغیر پائلٹ دو مسافروں کو لے جانے والا طیارہ متعارف

سری لنکا نے جدید فضائی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے چینی کمپنی کی تیار کردہ بغیر پائلٹ الیکٹرک ایئر ٹیکسی کی آزمائشی پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت دو نشستوں پر مشتمل برقی طیارے کے ذریعے شہریوں کو فضائی سفر کی سہولت فراہم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، جبکہ کامیاب آزمائشوں کے بعد کولمبو میں باقاعدہ فضائی ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

سری لنکن حکام نے دارالحکومت کولمبو میں طیارے کی آزمائشی پرواز کے موقع پر اس پیش رفت کا اعلان کیا۔ سری لنکا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چینی کمپنی ای ہینگ (EHang) کو اپنے دو نشستوں والے الیکٹرک طیارے کی آزمائشی پروازوں کے لیے لائسنس جاری کیا ہے۔

کمپنی کا تیار کردہ ای ایچ 216-ایس (EH216-S) ایک جدید خودکار فضائی طیارہ ہے، جو بغیر پائلٹ کے کام کرتا ہے اور عمودی طور پر اڑان بھرنے اور زمین پر اترنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے روایتی رن وے کی ضرورت کے بغیر مختصر فاصلے کے فضائی سفر کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

آزمائشی پرواز کے دوران سری لنکا کے وزیر برائے پورٹس و ایوی ایشن انورا کروناتھلاکا اور نائب وزیر جانیتھا روان کوڈیتھواکو نے طیارے میں سفر کیا۔ پرواز کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر نے کہا کہ سری لنکا بھی ان ایک درجن سے زائد ممالک میں شامل ہوگیا ہے جو مسافروں کی آمدورفت کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی پر مبنی فضائی ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے متعدد ممالک اس جدید سفری نظام کو عملی شکل دینے کے لیے کام کررہے ہیں اور سری لنکا نے بھی اس عالمی دوڑ میں قدم رکھ دیا ہے۔ حکام کے مطابق تجارتی بنیادوں پر فضائی ٹیکسی سروس شروع کرنے سے قبل تقریباً پانچ ماہ تک آزمائشی پروازیں جاری رہ سکتی ہیں۔

منصوبے کے حامیوں کا ابتدائی ہدف کولمبو کے ہوائی اڈے اور شہر کے مرکزی علاقے کے درمیان فضائی ٹیکسی سروس شروع کرنا ہے۔ یہ سفر عام طور پر گاڑی کے ذریعے تقریباً 30 منٹ میں طے ہوتا ہے، تاہم فضائی ٹیکسی کے ذریعے شہری ٹریفک سے بچتے ہوئے سفر کو مزید آسان بنانے کی امید ہے۔

حکام کے مطابق ای ایچ 216-ایس طیارے میں 16 برقی موٹرز اور 16 پنکھے نصب ہیں، جبکہ بجلی کی فراہمی کے لیے 12 بیٹری پیک استعمال کیے گئے ہیں۔ طیارے کا مسافروں اور سامان سمیت زیادہ سے زیادہ وزن 620 کلوگرام ہے۔

یہ الیکٹرک طیارہ تقریباً 25 منٹ تک پرواز کرنے اور زیادہ سے زیادہ 30 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق آزمائشی مراحل کی کامیابی اور حفاظتی تقاضے پورے ہونے کے بعد یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں شہری ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اہم تبدیلی لاسکتی ہے۔

More News