زلزلہ 2005 کی 21ویں برسی، بالاکوٹ کے متاثرین آج بھی بحالی کے منتظر

زلزلہ 2005 کی 21ویں برسی، بالاکوٹ کے متاثرین آج بھی بحالی کے منتظر

مانسہرہ میں 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کی 21ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ قیامت خیز زلزلے نے ضلع مانسہرہ میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں 17 ہزار افراد جاں بحق جبکہ 80 ہزار زخمی ہوئے۔

زلزلے کے دوران بالاکوٹ شہر تقریباً مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور ہزاروں خاندان اپنے گھروں اور پیاروں سے محروم ہوگئے۔ سانحے کو 21 سال گزرنے کے باوجود زلزلہ متاثرین کی نیو بالاکوٹ سٹی میں مکمل بحالی تاحال نہیں ہوسکی۔

متاثرین کے مطابق بالاکوٹ میں کئی تعلیمی ادارے آج بھی تعمیر کے منتظر ہیں، جبکہ درجنوں اسکولوں کی عمارتیں مکمل نہ ہونے کے باعث بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کئی بچے مناسب تعلیمی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

زلزلے کی 21ویں برسی کے موقع پر ہائی اسکول بالاکوٹ میں سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی اجتماعی قبروں پر فاتحہ خوانی کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ اس موقع پر متاثرین اور مقامی افراد نے اپنے پیاروں کو یاد کیا اور ان کے لیے دعا کی۔

مقامی معلومات کے مطابق اجتماعی قبروں میں 63 افراد جبکہ ایک الگ اجتماعی قبر میں 21 بچوں کو سپرد خاک کیا گیا تھا۔ 21 سال بعد بھی بالاکوٹ کے متاثرین کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک اہم مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

More News