پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ، ایک ارب 21 کروڑ ڈالر قرض کی راہ ہموار

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ، ایک ارب 21 کروڑ ڈالر قرض کی راہ ہموار

پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان جائزہ مذاکرات کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے بعد پاکستان کے لیے ایک ارب 21 کروڑ ڈالر قرض کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے اثرات کے باوجود پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھا۔ ستمبر میں مہنگائی کی شرح 10.3 فیصد رہی، جبکہ نئی قسط ملنے کے بعد پاکستان کو موجودہ پروگرام کے تحت ملنے والی مجموعی رقم تقریباً 5.7 ارب ڈالر ہوجائے گی۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کو سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے، بجلی کے شعبے میں بروقت ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور گیس کے شعبے میں لاگت کی وصولی بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی معیشت کو زیادہ پیداواری شعبوں کی طرف منتقل کرنے، نجکاری کے عمل میں پیش رفت اور سرکاری اداروں میں شفافیت بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ٹیکس نظام کو آسان اور منصفانہ بنانے کو بھی معاشی اصلاحات کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف نے انسانی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے لیے سرکاری وسائل بڑھانے جبکہ برآمدات میں اضافے کے لیے اصلاحات جاری رکھنے کی سفارش کی ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان کو معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مقررہ اصلاحات پر عملدرآمد جاری رکھنا ہوگا۔

اسٹاف لیول معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے دی جائے گی۔ منظوری کے بعد پاکستان کو ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کی قسط جاری ہونے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

More News