سائنسدانوں نے بازو اور جسم کے بغیر چلنے والا روبوٹک ہاتھ تیار کر لیا

سائنسدانوں نے بازو اور جسم کے بغیر چلنے والا روبوٹک ہاتھ تیار کر لیا

زیورخ: سوئٹزرلینڈ کے محققین نے جدید روبوٹکس کے میدان میں ایک منفرد پیش رفت کرتے ہوئے ایسا روبوٹک ہاتھ تیار کیا ہے جو کسی بازو یا جسم کے سہارے کے بغیر صرف اپنی انگلیوں کی مدد سے چل سکتا ہے۔

یہ روبوٹک ہاتھ سوئٹزرلینڈ کے معروف تحقیقی ادارے ای ٹی ایچ زیورخ کی سافٹ روبوٹکس لیب سے وابستہ محققین کی ٹیم نے تیار کیا ہے۔ ٹیم نے اس کی ویڈیوز اور تحقیقی مقالے کا ابتدائی مسودہ بھی جاری کر دیا ہے۔

محققین نے اس روبوٹک ہاتھ کا موازنہ مشہور ٹی وی سیریز ’’دی ایڈمز فیملی‘‘ کے کردار تھنگ سے کیا ہے، جو ایک الگ ہاتھ کی صورت میں حرکت کرتا دکھائی دیتا ہے۔

سافٹ روبوٹکس لیب میں ڈاکٹریٹ کے امیدوار امیر حسین کاظمی پور کے مطابق اس روبوٹک ہاتھ کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ کسی بیرونی سہارے کے بغیر خود حرکت کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ روبوٹک ہاتھ کو چلنے کے قابل بنانا ایک پیچیدہ تکنیکی عمل ہے، کیونکہ انسانی ہاتھ کی تمام انگلیاں ایک جیسی نہیں ہوتیں۔ اس لیے روبوٹ کو اپنی مختلف انگلیوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور حرکت کے دوران جسمانی توازن برقرار رکھنا سیکھنا پڑتا ہے۔

محققین کے مطابق انگلیوں کی مربوط حرکت اور توازن برقرار رکھنے کی صلاحیت اس منصوبے کے اہم چیلنجز میں شامل رہی ہے۔ اس تحقیق سے نرم روبوٹکس کے شعبے میں نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے، جہاں ایسے روبوٹس تیار کرنے پر کام کیا جا رہا ہے جو روایتی ساخت کے بغیر بھی پیچیدہ حرکات انجام دے سکیں۔

More News