سب ڈویژن رزمک میں غیر قانونی اسپیڈ بریکرز کے خلاف کارروائی، تمام رکاوٹیں ختم
رزمک: سب ڈویژن رزمک میں عوامی راستوں پر قائم غیر قانونی اسپیڈ بریکرز کے خلاف انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے تمام غیر قانونی رکاوٹیں ہٹا دیں۔
یہ کارروائی تحصیلدار رزمک غنی وزیر کی جانب سے جاری کردہ وارننگ پر عمل درآمد کے سلسلے میں کی گئی۔ انتظامیہ نے سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں موجود غیر قانونی اسپیڈ بریکرز ختم کر دیے تاکہ عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
تحصیلدار رزمک غنی وزیر کا کہنا ہے کہ عوامی راستوں پر غیر قانونی رکاوٹیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں اور گزرگاہوں پر اپنی مرضی سے اسپیڈ بریکرز یا دیگر رکاوٹیں قائم کرنا عوامی مشکلات اور ٹریفک کی روانی میں خلل کا سبب بن سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانا اور ٹریفک کے نظام کو رواں رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے غیر قانونی رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے جاری ہدایات پر عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔
انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ عوامی راستوں پر غیر قانونی اسپیڈ بریکرز یا کسی بھی قسم کی رکاوٹ قائم کرنے سے گریز کریں اور ٹریفک کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔








