سعودی عرب میں واٹس ایپ سب سے مقبول ایپ، 90 فیصد سے زائد صارفین استعمال کرتے ہیں
ریاض: سعودی عرب میں واٹس ایپ سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی اسمارٹ فون ایپ بن گئی ہے، جہاں مردوں اور خواتین کی بڑی تعداد روزمرہ رابطوں کے لیے اس ایپ کا استعمال کرتی ہے۔
سعودی انٹرنیٹ 2025 رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 94.4 فیصد مرد اور 90.4 فیصد خواتین واٹس ایپ استعمال کرتی ہیں، جس کے باعث یہ ملک میں سب سے زیادہ مقبول سوشل میڈیا ایپ قرار پائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسنیپ چیٹ استعمال کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔ اسے 88.2 فیصد سعودی خواتین اور 80.2 فیصد مرد استعمال کرتے ہیں۔ اس طرح واٹس ایپ کے بعد اسنیپ چیٹ سعودی خواتین میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپ ہے۔
ٹک ٹاک تیسرے نمبر پر موجود ہے، جسے 77.6 فیصد خواتین اور 76.5 فیصد مرد استعمال کرتے ہیں۔ یوٹیوب چوتھے نمبر پر رہا، جسے 81.1 فیصد مرد اور 68.8 فیصد خواتین استعمال کرتی ہیں۔
سوشل میڈیا ایپس میں انسٹاگرام پانچویں نمبر پر ہے، جسے 42.2 فیصد خواتین اور 39.5 فیصد مرد استعمال کرتے ہیں۔
سعودی کمیونیکیشنز اینڈ اسپیس ٹیکنالوجی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد کا ایک بڑا حصہ روزانہ کئی گھنٹے آن لائن گزارتا ہے۔ 61.3 فیصد انٹرنیٹ صارفین روزانہ 7 گھنٹے یا اس سے زائد وقت آن لائن رہتے ہیں، جبکہ 34.4 فیصد صارفین 3 سے 6 گھنٹے اور 4.6 فیصد افراد 3 گھنٹے سے کم وقت انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں انٹرنیٹ استعمال کا سب سے مصروف وقت رات 9 سے 11 بجے کے درمیان ہوتا ہے، جبکہ جمعہ سب سے زیادہ مصروف دن قرار دیا گیا ہے۔
انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے اسمارٹ فونز سب سے زیادہ استعمال ہوتے ہیں، جن کا تناسب 99.6 فیصد ہے۔ کمپیوٹرز 47.4 فیصد اور ٹیبلٹس 39.2 فیصد استعمال کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب میں موبائل اور سوشل میڈیا ایپس روزمرہ زندگی، رابطوں اور آن لائن سرگرمیوں کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔








