سعودی عرب نے مکہ مکرمہ کی جانب آنے والا حوثی ڈرون مار گرایا

سعودی عرب نے مکہ مکرمہ کی جانب آنے والا حوثی ڈرون مار گرایا

ریاض: سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ڈرون کو مار گرایا ہے۔

یمن میں اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ڈرون کو منگل کی شام سعودی وقت کے مطابق 6 بج کر 50 منٹ پر مکہ مکرمہ کے جنوب میں روک کر تباہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدس شہر کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش قابل قبول نہیں اور اسے روکنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق مکہ مکرمہ مسلمانوں کیلئے انتہائی مقدس شہر ہے اور حج سمیت اہم مذہبی عبادات کے باعث دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان یہاں آتے ہیں۔ سعودی حکام نے حوثیوں پر مقدس مقامات کے قریب حملوں کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب مکہ مکرمہ یا اس کے اطراف میں حوثیوں کی جانب سے داغے گئے ہتھیار کو سعودی فضائی دفاع نے روکا ہو۔ 2017 میں بھی مکہ مکرمہ کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل سعودی دفاعی نظام نے تباہ کیا تھا۔

حالیہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق پیر کو خمیس مشیط، ابہا اور طائف میں بیلسٹک میزائل حملوں کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ ہفتے بھی سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

More News