سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دوٹوک مؤقف

سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دوٹوک مؤقف

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب اور خطے کی اہم تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی جارحانہ کارروائی کی حمایت نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت سعودی عرب کو اپنی سرزمین، عوام اور اہم تنصیبات کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا مکمل حق حاصل ہے۔

پاکستانی مندوب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے اور مشکل وقت میں پاکستان اپنے برادر اسلامی ملک کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی اور عسکری محاذ آرائی کے بجائے سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

یمن کے بحران پر بات کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ جنگ اور فوجی تصادم مستقل امن کا راستہ نہیں بن سکتے۔ بحران کے پائیدار حل کے لیے تمام فریقین کو مذاکرات اور جامع سیاسی عمل کا حصہ بننا ہوگا۔

پاکستان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ یمن میں انسانی بحران کے خاتمے، شہریوں کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

More News