سعودی عرب کی نئی عمرہ پالیسی، ویزے کے لیے فوڈ ووچر بھی لازمی قرار

سعودی عرب کی نئی عمرہ پالیسی، ویزے کے لیے فوڈ ووچر بھی لازمی قرار

ریاض: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے نئی عمرہ پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت یکم ربیع الاول سے مرحلہ وار عمل درآمد شروع ہوگا۔ نئی پالیسی کے مطابق عمرہ ویزہ حاصل کرنے کے لیے ہوٹل بکنگ اور ٹرانسپورٹ انتظامات کے ساتھ فوڈ ووچر بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت الحج و العمرہ کے مطابق عمرہ ویزے کی درخواست کے وقت زائرین کو ہوٹل ریزرویشن، ٹرانسپورٹ ووچر اور فی رات 20 سعودی ریال مالیت کا فوڈ ووچر فراہم کرنا ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کو قیام کے دوران معیاری اور منظم غذائی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق نئی پالیسی پر عمل درآمد نسک (Nusuk) ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں اس کا اطلاق پاکستان، بھارت، مصر اور بنگلہ دیش سے آنے والے عمرہ زائرین پر ہوگا، جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقریباً 10 ہزار ریسٹورنٹس کو بھی اس نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ اور منظور شدہ عمرہ کمپنیاں ہی نسک پلیٹ فارم کے ذریعے خدمات فراہم کر سکیں گی۔ نئی پالیسی سے زائرین کو رہائش، ٹرانسپورٹ اور خوراک کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، تاہم عمرہ پیکجوں کی مجموعی لاگت میں معمولی اضافے کا بھی امکان ہے۔

More News