سعودی قومی دن: مریم نواز کی سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مکہ معاہدے پر خوش ہیں، جبکہ پاکستانی عوام الحرمین شریفین کی حفاظت کو اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام سعودی عرب کو محبت، عقیدت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی عرب میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اعتماد، خلوص، اخوت اور دینی رشتوں پر قائم ہیں۔
مریم نواز شریف کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مکہ معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون اور باہمی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت اور دانشمندی کے باعث سعودی عرب عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتا ہے۔
مریم نواز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے اور محبت کے رشتے کو ہمیشہ قائم رکھے اور دونوں ممالک کو امن و ترقی عطا فرمائے۔








