سعودی وزیر ماحولیات کا جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زراعت، ماحولیات اور اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
راولپنڈی: سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفدلی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران سعودی وزیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر نے بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود برادرانہ اور اسٹریٹجک روابط کے تناظر میں یہ ملاقات باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے اہم قرار دی جا رہی ہے۔
سعودی وزیر کا جی ایچ کیو دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز بھی کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی تھی۔
کویتی وفد کی ملاقات میں علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے کے امور پر بات چیت ہوئی تھی۔








