کراچی: سندھ حکومت کا سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈے کے خلاف اقدامات کا فیصلہ، سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی سیل قائم کرنے کی تجویز۔
کراچی: سندھ حکومت نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات اور منفی پروپیگنڈے کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اجلاس ہوا، جس میں سوشل میڈیا پر ملکی مفادات کے خلاف چلائی جانے والی منفی مہمات کو ناکام بنانے کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر غور کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ملک اور قومی مفادات کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے صوبائی سطح پر خصوصی سیل قائم کیا جانا چاہیے، جو جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کی بروقت روک تھام یقینی بنائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم اس کی آڑ میں جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ حکومت قومی مفادات کے تحفظ اور درست معلومات کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی








