سکردو میں غیرت کے نام پر میاں بیوی اور دو کمسن بچوں کا قتل، پولیس کی تحقیقات جاری
سکردو کے علاقے مدینہ کالونی کے عقب میں میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچوں کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین میں 35 سالہ اسلم، ان کی 30 سالہ اہلیہ ہانیہ اور پانچ سالہ اور ڈھائی سالہ دو بچے شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسلم اور ہانیہ نے تقریباً سات سال قبل کورٹ میرج کی تھی۔ اسلم کا تعلق روندو جبکہ ہانیہ کا تعلق پاراچنار سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس واقعے کو غیرت کے نام پر قتل کے ممکنہ پہلو سے بھی دیکھ رہی ہے۔ مقتول اسلم کے لواحقین نے قتل کا الزام ان کے سسرالی رشتہ داروں پر عائد کیا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گا۔
واقعے کے بعد شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کردی گئی ہے، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ چار افراد کے قتل کے واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔








