شاہد آفریدی کا دورہ باڑہ، وادی تیراہ کے 500 متاثرین میں امدادی پیکیجز تقسیم

شاہد آفریدی کا دورہ باڑہ، وادی تیراہ کے 500 متاثرین میں امدادی پیکیجز تقسیم

ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے وادی تیراہ کے متاثرین سے ملاقات کی اور 500 خاندانوں میں امدادی پیکیجز تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کی بحالی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دورے کے دوران کمانڈنٹ باڑہ رائفلز عامر توصیف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ضلع خیبر ارشاد مہمند، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر باڑہ امان اللہ، ڈی ایس پی باڑہ ملک اکبر آفریدی اور وادی تیراہ کی 24 رکنی کمیٹی کے اراکین مولانا حضرت خان، کمال الدین اور اکبر خان سمیت علاقائی مشران اور عمائدین بھی موجود تھے۔

متاثرین اور مقامی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وادی تیراہ کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کی خاطر بے شمار قربانیاں دی ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن متاثرین کی مشکلات کم کرنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

شاہد آفریدی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وادی تیراہ کے متاثرین کے لیے خصوصی امدادی پیکیجز کا اعلان کیا جائے اور تعلیم، صحت، صاف پانی اور سڑکوں سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کی اپنے آبائی علاقوں میں واپسی سے قبل ہسپتالوں، نادرا مراکز اور تعلیمی اداروں کو فعال بنایا جائے تاکہ واپسی کے بعد انہیں بنیادی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

More News