شمالی وزیرستان: ڈپٹی کمشنر کا ڈی سی کمپاؤنڈ میرانشاہ کا اچانک دورہ، متعدد افسران اور اہلکار غیر حاضر

شمالی وزیرستان: ڈپٹی کمشنر کا ڈی سی کمپاؤنڈ میرانشاہ کا اچانک دورہ، متعدد افسران اور اہلکار غیر حاضر

صبح 9 بج کر 27 منٹ پر دفاتر کا معائنہ، غیر حاضر افسران اور اہلکاروں کو 24 گھنٹوں میں وضاحت پیش کرنے کی ہدایت

میرانشاہ: ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد تیمور خان آفریدی نے گورنر خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ڈی سی کمپاؤنڈ میرانشاہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں مختلف سرکاری دفاتر میں افسران اور ملازمین کی حاضری کا جائزہ لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے آج صبح 9 بج کر 27 منٹ پر ڈی سی کمپاؤنڈ میرانشاہ پہنچ کر مختلف دفاتر کا معائنہ کیا اور سرکاری افسران و اہلکاروں کی موجودگی چیک کی۔ اس دوران متعدد افسران اور ملازمین اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔

غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران و اہلکاروں کو وارننگ جاری کردی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام غیر حاضر ملازمین 24 گھنٹوں کے اندر اپنی غیر حاضری کی وجوہات پر مشتمل تحریری وضاحت پیش کریں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تیمور خان آفریدی کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر میں بروقت حاضری اور عوام کو خدمات کی فراہمی ہر سرکاری ملازم کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں غفلت، لاپرواہی اور ڈیوٹی سے غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور سرکاری امور کی بہتر انجام دہی کے لیے دفاتر میں نظم و ضبط برقرار رکھنا ضروری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین کی حاضری یقینی بنانے اور دفتری امور کی نگرانی کے لیے اچانک معائنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ فرائض میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی

More News